سی ایم بلوچستان ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلباء کے وفد کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے سی ایم بلوچستان ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلباء کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی، روزگار کے مواقع، مائیکروفنانسنگ، آئی ٹی سیکٹر میں ترقی اور سندھ و بلوچستان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے بلوچستان حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو جدید تربیت اور روزگار کے قابل بنانے کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار کرنے کے لیے اس نوعیت کے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے شروع کیا گیا یہ اقدام قابل تحسین ہے، کیونکہ آج کے دور میں صرف ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق عملی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد نوجوان قومی اور عالمی معیار کے ہنر مند افراد کے طور پر سامنے آئیں گے، جو نہ صرف اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں گے بلکہ ملکی معیشت اور ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے مائیکروفنانسنگ سمیت مختلف اقدامات کررہی ہے، مائیکروفنانسنگ کے ذریعے سندھ میں 12 لاکھ سے زائد خواتین اپنے خاندانوں کی کفالت اور گھریلو معاشی معاملات چلانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں، جو خواتین کی معاشی خودمختاری اور بااختیاری کی ایک نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو کاروبار، روزگار اور جدید شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے وفد کو سندھ کے اہم آئی ٹی اداروں اور ٹیکنالوجی سیکٹرز کے مطالعاتی دورے کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو سندھ کے جدید آئی ٹی اداروں، تربیتی مراکز اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں سے روشناس کرایا جائے گا تاکہ وہ عملی طور پر جدید تقاضوں اور روزگار کے نئے مواقع سے آگاہ ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور صوبے میں ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے قابل عمل اقدامات کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ناصر حسین شاہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے نوجوانوں کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، بلوچستان کی طرح سندھ بھی آپ کا اپنا صوبہ ہے، یہاں کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں اور سندھ حکومت نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، تربیت اور روزگار کے حوالے سے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید سہولیات، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ پاکستان کا نوجوان عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ اور بلوچستان کے درمیان نوجوانوں کی فنی تربیت، آئی ٹی، کاروباری مواقع اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہنر فراہم کرکے انہیں محض ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے روزگار پیدا کرنے کے قابل بنایا جائے، کیونکہ ہنر مند نوجوان ہی مضبوط معیشت، خوشحال معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں۔

جواب دیں

Back to top button