سندھ کی تقسیم کا فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ

وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری واضح کر چکے ہیں کہ سندھ کے مستقبل اور تقدیر کا فیصلہ یہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا، کسی بھی صوبے کی تشکیل کے لیے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ قرارداد یا بل کی منظوری لازمی ہے، محض ریفرنڈم کی بات کرنے سے کوئی نیا صوبہ قائم نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لیے آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ہمارے لیے قابل احترام ہیں، صدر مملکت سے ان کی ملاقات صوبوں کی تشکیل یا کسی سیاسی معاملے کے حوالے سے نہیں تھی بلکہ ان کے اپنے ذاتی تعلقات ہیں، اس ملاقات کو سندھ کی تقسیم یا کسی دوسرے معاملے سے جوڑنا محض قیاس آرائیوں کے سوا کچھ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آباد ہاؤس میں ایکسپو 2026 کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایکسپو 2026 تعمیراتی شعبے اور اس سے منسلک صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، اس طرح کی نمائشوں سے نہ صرف مقامی کاروبار کو وسعت ملتی ہے بلکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پی ایف سی اور این ایف سی سے متعلق معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ گورننس کے مسائل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہماری ترجیح ہے کہ ملک میں سیاسی قیاس آرائیوں کے بجائے پاکستان کی معاشی بہتری، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر پاکستان کے حوالے سے مثبت تاثر سامنے آرہا ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں اور یہاں سرمایہ کاری کریں، اس مقصد کے لیے حکومت کو کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو اور ملک سے سرمائے کے انخلا کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون اور رابطے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے اور شہر کی 150 سے زائد بڑی اور چھوٹی شاہراہوں پر ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں، ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بھی سہولت دینا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت آباد ہاؤس میں سنگل ونڈو آپریشن کے لیے ایک خصوصی دفتر قائم کر رہی ہے، جہاں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندے موجود ہوں گے، اس اقدام سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور سرمایہ کاروں کو مختلف اداروں کے چکر لگانے کے بجائے ایک ہی جگہ پر سہولیات میسر آئیں گی اور منظوریوں کے عمل کو آسان اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سنگل ونڈو آپریشن اور ڈیجیٹائزیشن کی جانب پیش رفت کر رہی ہے، ڈی جی ایس بی سی اے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر اس نظام کو مؤثر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت، ادارہ جاتی کارکردگی اور کاروباری سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ہم سنجیدہ نہیں لیتے، تاہم ہمیں ان سے ہمدردی ہے۔ سرکاری اداروں میں احتساب اور جزا و سزا کے نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی، غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی، متعدد افسران کو ملازمتوں سے برطرف کیا جا چکا ہے اور یہ احتسابی عمل آئندہ بھی جاری رہے گا، کسی بھی افسر یا اہلکار کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، شفافیت کے فروغ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button