خوشحال بازار پشاور میں تجاوزات کے خلاف کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کا گرینڈ آپریشن، غیر قانونی تعمیرات اور تھڑے مسمار

کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے سلسلے میں خوشحال بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس کے دوران غیر قانونی تعمیرات، تھڑے اور ریمپس مسمار کرنے کے علاوہ تجاوزات کی مد میں دو ٹرک سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور و ایڈمنسٹریٹر کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ آفاق وزیر اور ڈائریکٹر جنرل سلیم خان کی خصوصی ہدایات پر انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچا کی نگرانی میں وجاہت اور ڈیمالش اسکواڈ کے عملے نے آپریشن میں حصہ لیا۔ اس دوران بازار میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد تعمیرات، تھڑے اور ریمپس مسمار کیے گئے جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔اس موقع پر انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچا نے تاجروں کو واضح کیا کہ شہر میں کسی کو بھی غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مرحلہ وار مڈنائٹ آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر قائم تمام اقسام کی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات مؤثر بنائے جا سکیں۔قیصر باچا نے مزید کہا کہ پشاور شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button