گلگت بلتستان میں تاریخی لینڈ ریفارمز کا باقاعدہ آغاز: ضلع شگر میں حق دارانِ اراضی کی ابتدائی فہرست جاری

وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کے ویژن کے تحت گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک سنگِ میل عبور کرتے ہوئے گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز ایکٹ 2025 کی دفعہ 10 تین کے تحت حق دارانِ اراضی کی تصدیق شدہ ابتدائی فہرست باضابطہ طور پر جاری کر دی گئی ہے۔دفتر کلکٹر ضلع شگر سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق، ضلع شگر کی تحصیل و سب ڈویژن سیتھنگ کے موضع مراپی میں مشترکہ قابلِ کاشت اراضی کا کل رقبہ 1034 کنال ہے۔ گلگت بلتستان میں ناقابلِ رہائش اور دشوار گزار زمین کی کمی کے پیشِ نظر یہ اصلاحات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، جن کے تحت فہرست میں شامل ہر حق دارِ اراضی کو 5 کنال کا اراضی پارسل دیا جا رہا ہے۔نوٹیفکیشن کے اجراء کے ساتھ ہی کل 199 حق دارانِ اراضی کی تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔ ضابطے کے مطابق، اس فہرست پر کسی بھی قسم کے اعتراضات یا اپیلیں نوٹیفکیشن کے اجراء یعنی مورخہ 10 نومبر 2026 سے 15 دن کے اندر معاون کمشنر شگر کے توسط سے دستخط کنندہ یعنی کلکٹر ضلع شگر کے دفتر میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ تمام اعتراضات میں واضح وجوہات، معاون دستاویزات اور اعتراض کنندہ کی شناخت کا درج ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس تاریخی اقدام سے مقامی لوگوں کو زمین کا قانونی حق ملنے کے ساتھ ساتھ خطے میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button