پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ اور گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کو فعال بنانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) یونٹ اور گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کو فعال بنانے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کو فوری طور پر فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں اور اس حوالے سے حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ سرمایہ کاروں کو مناسب پلیٹ فارم اور ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے، جس کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کا فعال ہونا ناگزیر ہے۔ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ایک کامیاب ماڈل موجود ہے، جس سے استفادہ کرتے ہوئے سندھ حکومت سے تکنیکی معاونت حاصل کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو ہدایت کی کہ متعلقہ یونٹ کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانے کے عمل کو تیز کیا جائے اور اوپن مارکیٹ سے مطلوبہ اہلیت اور تجربہ رکھنے والے امیدواروں کے انتخاب کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری خزانہ اور صوبائی سیکریٹری سروسز کو بھی ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کو فعال بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے لیے فوری طور پر دفتر کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ جلد پالیسی بورڈ کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں یونٹ کو عملی طور پر فعال بنانے کے لیے درکار اقدامات اور سفارشات کی منظوری دی جائے گی۔گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کو فعال بنانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری سروسز کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کی اہمیت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے ایک سینئر افسر کو ڈیپوٹیشن پر چیئرپرسن تعینات کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ متعلقہ شعبے میں مہارت اور تجربہ رکھنے والے افسر کی نگرانی میں ادارہ موثر انداز میں کام شروع کر سکے۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ محمد علی اختر، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ صفدر خان، صوبائی سیکریٹری خزانہ نجیب عالم، صوبائی سیکریٹری سروسز سید اختر حسین رضوی، ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button