*گلگت بلتستان،رجسٹرڈ ووٹرز کے ووٹ دیگر بلدیاتی اداروں میں منتقل کرنے پر مکمل پابندی عائد*

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے بلدیاتی انتخابات کے مختلف مراحل کے دوران انتخابی فہرستوں کی شفافیت، درستگی اور انتخابی عمل کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے گلگت، اسکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کے ووٹ دیگر بلدیاتی اداروں میں منتقل کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ گلگت بلتستان کی جانب سے 4 نومبر 2026ء کو باقاعدہ سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت گلگت، اسکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز کی حتمی انتخابی فہرستوں میں درج ووٹرز اپنے ووٹ کسی بھی یونین کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل یا میونسپل کمیٹی میں منتقل نہیں کروا سکیں گے۔ یہ پابندی ووٹرز کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا موجودہ پتے سے قطع نظر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق مذکورہ پابندی گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے کے اختتام تک برقرار رہے گی، جس میں یونین کونسلز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات شامل ہیں اور جن کا انعقاد اپریل 2027ء میں شیڈول ہے۔سرکلر میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے، دونوں صورتوں میں حتمی انتخابی فہرستوں میں درج تمام ووٹرز پر یکساں طور پر نافذ العمل ہوگی۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد انتخابی فہرستوں کی شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانا اور بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنا ہے۔

جواب دیں

Back to top button