وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین آذر کی مزار قائد پر حاضری

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین آذر مزار قائد پہنچ گئے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ نے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر نے کہا کہ ہم نے مزار قائد پر حاضری دی، فخر محسوس ہوتا ہے، بابائے قوم کے مزار پر آج وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حاضری دی ہے، دنیا بھر کے حالات آپ لوگوں کے سامنے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو بیشتر مسائل کا سامنا ہے، ہمارے ملک میں کسی بھی قومیت کو کوئی مسائل نہیں، ہمیں فخر ہے ہمارا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہمیں بحیثیت قوم مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں جدوجہد کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے، جو وژن قائداعظم نے ہمیں دیا اس کو لے کر آگے بڑھنا ہے، آج کے دن قائداعظم کے مزار پر عہد کرتے ہیں کہ اس پاکستان کو دنیا کے لیے ایک عظیم ملک بنائیں گے، اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمارے قائد کی مغفرت فرمائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے سب سے بڑے گلیشیئر کو دیکھنے والا کوئی نہیں تھا، ہمیں ان گلیشیئرز کو بچانا ہے، آج دنیا میں کلائمٹ چینج آ رہا ہے، اگر ہم نے گلیشیئر کو نہیں بچایا تو خشک سالی مزید آئے گی، بات کی جاتی ہے کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے خلاف ہے لیکن گلگت بلتستان میں صوبے کا نعرہ پیپلز پارٹی لگا رہی ہے، پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے، اس سے کشمیر کا معاملہ بھی برقرار رہے گا، انڈیا نے دنیا کے قوانین کو توڑا لیکن کسی نے کچھ نہیں کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کو روکنے کے لیے جتنی محنت پیپلز پارٹی نے کی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی نے اتنی محنت نہیں کی، یہ جو اتنے دنوں کا ڈیلے آیا ہے وہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے آیا ہے، ہم نے ہر فورم پر بیٹھنے کی بات کی لیکن وہ پیپلز پارٹی، ن لیگ، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتے، ہم عوامی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور عوام کی خدمت کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button