گلگت بلتستان کا امن کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا،وزیر اعلٰی امجد حسین

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ گلگت بلتستان کا امن کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ باہمی رواداری، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل میں صحت، تعلیم، بجلی، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ حکومت کی توجہ عوام کے ان حقیقی اور بنیادی مسائل کو حل کرنے پر مرکوز ہے۔ چند جرائم پیشہ عناصر حکومت کی توجہ ان بنیادی مسائل کے حل سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہیں ناکام بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلحے کی نمائش اور پرائیویٹ گارڈز کا کلچر بالکل ناقابلِ قبول ہے۔ پولیس اور انتظامیہ اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ اسلحے کی نمائش کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے پولیس اور انتظامی افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقدسات کی توہین بھی ایک ناقابلِ برداشت جرم ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور اکابرین اس بات پر متفق ہیں کہ مقدسات کی توہین حرام اور گناہ ہے۔ چند جرائم پیشہ عناصر اپنے مذموم عزائم کے لیے گلگت بلتستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نفرت انگیز تقاریر کرنے اور سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر انجمن اہلِ سنت والجماعت، انجمن امامیہ، اسماعیلی کونسل اور نوربخشی مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور اکابرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جس انداز میں مخلصانہ کام کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے اور مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف حکومت بلا تفریق کارروائی عمل میں لائے اور حکومتی رٹ قائم کرے۔ علاقے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ہمارا بلا مشروط اور مکمل تعاون حکومت کو حاصل ہوگا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، ڈی آئی جی گلگت، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، کمشنر گلگت سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں، انجمن اہلِ سنت والجماعت، انجمن امامیہ، اسماعیلی ریجنل کونسل اور انجمن نوربخشی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button