محفوظ بسنت آگاہی مہم کا آغاز،ڈی سی لاہور کا تحصیل سٹی اور یو سیز کا دورہ

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل سٹی کا دورہ کر کےمحفوظ بسنت آگاہی مہم کا آغاز کر دیا، اس موقع پر اے سی سٹی رانا عامر لیاقت، ایڈیشنل اے سی، ڈی ایم ڈی واسا عبد اللطیف اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں میں سیف بسنت آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے اور شہریوں سے بچوں کی حفاظت اور محفوظ بسنت کی اپیل کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے یو سی 64 ساندہ روڈ اور یو سی 65 اسلام پورہ کا بھی دورہ کیا، جہاں اے سی سٹی رانا عامر لیاقت اور ستھرا پنجاب ٹیموں نے ساندہ روڈ اور اسلام پورہ میں تعلیمی اداروں، قبرستانوں، پارکوں اور کے پی آئیز پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام یو سیز میں روزانہ اسکریپنگ اور کھلے پلاٹوں کی صفائی یقینی بنانے، ستھرا پنجاب مشینری، کنٹینرز اور عملے کی مکمل فعالیت برقرار رکھنے، سینٹری عملے کی روزانہ حاضری چیک کرنے، پورٹل شکایات کا ازالہ کرنے اور انتظامی امور و صفائی میں غفلت پر سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ "محفوظ بسنت کے لیے شہریوں کا تعاون اور احتیاط ناگزیر ہے، شہری بچوں اور اپنی جان کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں، لاہور کو صاف اور سرسبز رکھنا ضلعی انتظامیہ کا ہدف ہے، تمام یو سیز میں صفائی، حاضری اور مشینری کی کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ کے کے پی آئیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور قبرستانوں، تعلیمی اداروں، صحت مراکز، ہسپتالوں اور پارکوں کی صفائی پر خصوصی توجہ ہے۔” انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ انتظامی امور میں غفلت اور سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے محفوظ بسنت کے حوالے سے عوامی آگاہی اور شہر بھر میں صفائی و کے پی آئیز پر مؤثر عملدرآمد کے لیے فیلڈ دورے اور کارروائیاں جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button