سی ای او شہریار عارف خان کا ویسٹ ٹو ویلیو پائلٹ پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے سنگھ پورہ لوڈر رکشہ یارڈ کا دورہ

سی ای او شہریار عارف خان کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔پانی کے ضیاع میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کے سنگھ پورہ لوڈر رکشہ یارڈ میں صفائی گاڑیوں کی دھلائی کے لیے استعمال ہونے والے پانی کو ٹریٹ کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے ویسٹ ٹو ویلیو پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے پائلٹ پراجیکٹ کا جائزہ لینے کے لیے عزیز بھٹی ٹاؤن سنگھ پورہ لوڈر رکشہ پارکنگ یارڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی سی ای او آپریشنز مبین احسن اور سینئر افسران بھی سی ای او کے ہمراہ موجود تھے۔پراجیکٹ مینجمنٹ اسپیشلسٹ محمد سعد نے پائلٹ منصوبے پر شہریار عارف خان کو تفصیلی بریفننگ میں آگاہ کیا کہ جدید نظام کے تحت گاڑیوں کی دھلائی سے نکلنے والے استعمال شدہ پانی کو تین چیمبرز میں جمع کیا جارہا ہے، جہاں ریت، مٹی اور دیگر ٹھوس ذرات تہہ نشین ہو جاتے ہیں۔پانی کو بجری اور کارٹریج فلٹرز سے گزار کر 2,000 لیٹر کے اسٹوریج ٹینک میں محفوظ کیاجاتا ہے۔ یارڈ کا عملہ گاڑیوں کی اگلی دھلائی کے لیے اس صاف شدہ پانی کو تازہ پانی کے ساتھ ملا کر استعمال کرتا ہے۔سنگھ پورہ پارکنگ یارڈ میں 269 لوڈر رکشے موجود ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی فلیٹ واشنگ پلان کے مطابق سنگھ پورہ لوڈر رکشہ یارڈ میں روزانہ 45 گاڑیوں کی دھلائی کی گنجائش ہے، جس سے پورے فلیٹ کی دھلائی 6 دنوں میں مکمل ہو جاتی ہے۔ ایک گاڑی پر اوسطاً 100 لیٹر پانی کے استعمال کے حساب سے 45 رکشوں کی دھلائی کے لیے 4,500 لیٹر پانی درکار ہوتا ہے۔ پانی کے دوبارہ استعمال کی موجودہ شرح 2,250 سے 2,700 لیٹر، جبکہ پورے فلیٹ کی واشنگ پر 13,450 سے 16,140 لیٹر تازہ پانی بچایا جا سکتا ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت قدرتی وسائل کی بچت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی سنگھ پورہ لوڈر رکشہ یارڈ میں جدید سسٹم کی بدولت 50 سے 60 فیصد تک تازہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جا رہا ہے۔ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ ٹیم کا پانی کی بچت کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔مزید برآں ری سرکولیشن سسٹم کو ایل ڈبلیو ایم سی کے تمام لوڈر رکشہ پارکنگ یارڈز میں مرحلہ وار نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے

جواب دیں

Back to top button