لاہور کے متعدد علاقوں میں 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا،1100 کی بجائے 1350 روپے میں فروخت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اشیائے خورونوش خصوصاً آٹے کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کے واضح احکامات کے باوجود متعدد علاقوں میں شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ 10 کلو آٹے کی سرکاری قیمت 1100 روپے مقرر ہے، تاہم بازار میں یہی آٹا 1350 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا دشوار ہو گیا ہے۔شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ، فوڈ ڈیپارٹمنٹ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائیں، تاہم عملی طور پر بازاروں میں سرکاری نرخ نافذ ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔ دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں فلور ملوں سے ہی آٹا مہنگے داموں ملتا ہے، اس لیے وہ کم قیمت پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فلور ملوں پر متعلقہ اداروں کی نگرانی موجود ہے تو پھر مہنگے داموں آٹا مارکیٹ تک کیسے پہنچ رہا ہے؟ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹا فراہم کیا جا سکے۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ آٹے کی قیمتوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فوری نوٹس لیں، مؤثر نگرانی کا نظام قائم کریں اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا احتساب کریں تاکہ عوام کو مہنگائی سے حقیقی ریلیف مل سکے۔اس حوالےسے رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر آفس کے پبلک ریلیشنز آفیسر حارث علی سلہری نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز کی جانب سے منافع خوروں اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول ٹیمیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مختلف بازاروں میں کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ، بالخصوص آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور یہ سلسلہ بلاامتیاز جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button