وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب انکلوسیو سیٹیز، صاف پانی اور خوشحال دیہات پروگرامز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، ڈائریکٹر جنرل بینش فاطمہ، سپیشل سیکرٹری سید موسیٰ رضا، ڈی جی پنجاب صاف پانی اتھارٹی ذوالفقار احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری شاہد عمران مارتھ نے بھی شرکت کی جبکہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے سی ای او سید زاہد عزیز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہر علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کا جامع پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں 41 اضلاع کی 156 تحصیلوں میں 5734 فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب/ بحالی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری ہوگی جبکہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی صوبائی سطح پر پلانٹس کی سکیموں کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی مینٹی ننس کیلئے 159 سکواڈز مسلسل کام کریں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک کے ساتھ پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام (پی آئی سی پی) 16 شہروں میں شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چشتیاں، ہارون آباد، احمد پُور شرقیہ، سمندری، شجاع آباد، جتوئی، عارفوالہ، خان پور، صادق آباد، جام پور، چنیوٹ، منڈی بہائوالدین، پاکپتن، راجن پور، قصور اور چکوال پی آئی سی پی کا حصہ ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ان شہروں میں بنیادی میونسپل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر بلدیات نے پی ایم ڈی ایف سی کو 16 شہروں کی ماسٹر پلاننگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج، واٹر سپلائی، گلیوں کی تعمیر کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیموں کی ٹائم لائن تیار کر کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے۔





