گورنر سندھ نہال ہاشمی نے راشد نصر اللہ،سیکرٹری میاں نواز شریف کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نجم الثاقب کے ساتھ شاہی قلعہ لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے شاہی قلعہ میں جاری بحالی و تحفظ کے کاموں، عوام کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔گورنر سندھ نے پی ڈبلیو سی اے کے مقبول سیاحتی پروگرام ہسٹری بائی نائٹ میں بھی شرکت کی اور شاہی قلعہ لاہور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے تاریخی سیاحت کے فروغ اور عوام کو لاہور کی شاندار تاریخ سے منفرد اور دلچسپ انداز میں روشناس کرانے کے لیے پی ڈبلیو سی اے کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے نجم الثاقب نے کہا کہ” اتھارٹی تاریخی مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں عوام کے لیے مزید قابلِ رسائی اور دلچسپ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسٹری بائی نائٹ جیسے پروگراموں کا مقصد تاریخی ورثے کو محض محفوظ کرنا ہی نہیں بلکہ عوام کو اس کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب سے جوڑنا بھی ہے۔ ایسے اقدامات کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے اور نئی نسل میں اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی و دلچسپی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔”






