پی ڈبلیو سی اے کی جانب سے شالامار باغ میں سال 2026 کے پہلے ’’چاندنی راتیں ٹور‘‘ کا آغاز

پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی نے تاریخی شالامار باغ میں سال 2026 کے پہلے ”چاندنی راتیں ٹور”‘‘ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے سیاحوں کو مغل دور کے اس تاریخی ورثے کو رات کی دلکش فضا میں دیکھنے اور اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا منفرد موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سیزن کا پہلا ٹور 31 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوا، جس میں سیاحوں کے تجربے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے نئی سرگرمیوں اور پرفارمنسز کا اضافہ کیا گیا ہے۔جدید انداز میں پیش کیے جانے والے اس ٹور میں تاریخی ورثے کی رہنمائی پر مبنی سیر، دلکش ڈرامائی مناظر، تاریخی واقعات کی داستان گوئی، شاندار رقص کی پرفارمنسز اور براہِ راست موسیقی کے پروگرام شامل ہیں۔ سیزن کے پہلے ٹور میں پانچ سو سے زائد افراد نے شرکت کی، جو تاریخی سیاحت اور ثقافتی سرگرمیوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر ہے۔ پی ڈبلیو سی اے سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ایسے منفرد اقدامات متعارف کرواتی رہے گی جو سیاحوں کو پنجاب کے شاندار تاریخی اور ثقافتی ورثے کو قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور اس سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کریں۔ یہ ٹور ہر ہفتے بروز ہفتہ، شام 7 بجے سے رات 9 بجے تک منعقد کیا جائے گا، جبکہ فی کس ٹکٹ کی قیمت پچیس سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ثقافتی و تاریخی سیاحت کو فروغ دینا، سیاحوں کو ایک منفرد ثقافتی تجربہ فراہم کرنا اور شالامار باغ کی تاریخی اہمیت اور شاندار مغل طرزِ تعمیر کو رات کے پُرکشش ماحول میں اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے، نجم الثاقب نے کہا کہ ’’چاندنی راتیں‘‘ ٹور اتھارٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت پنجاب کے شاندار ثقافتی ورثے کو جدید اور منفرد سیاحتی اقدامات کے ذریعے عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی سرگرمیوں اور پرفارمنسز کا اضافہ سیاحوں کے لیے اس دورے کو مزید دلچسپ اور یادگار بنائے گا، جبکہ شالامار باغ کی تاریخی، تعمیراتی اور ثقافتی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ پی ڈبلیو سی اے پائیدار تاریخی سیاحت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ عوام کو خطے کی تاریخ اور روایات سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کو فعال اور پُرکشش ثقافتی مراکز کے طور پر ترقی دی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button