صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے کے 51 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ پروگرام کا مقصد شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، سیوریج کے مسائل حل کرنے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں منصوبے کے تحت ڈرینز اور زیرِ زمین ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 سیور لائنز اور 115 ڈسپوزل اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے کانفرنس روم میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی کام کی رفتار اور مقررہ اہداف کے حصول سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرام ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“ کے اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر شہری ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 35 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر جاری ہے، جبکہ پروگرام کے اگلے مرحلے میں سیوریج نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سیور لائنز اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے بہتر انتظامات شہری مسائل میں کمی لانے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق شہری انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سڑکوں، گلیوں اور پارکوں کی ترقی و بحالی سے متعلق سکیموں پر بھی کام آگے بڑھایا جائے۔ تمام ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے دوران متعلقہ علاقوں کے ماسٹر پلان کو لازمی مدنظر رکھا جائے تاکہ ترقیاتی کام مربوط انداز میں مکمل ہوں اور شہری ضروریات کو طویل المدتی بنیادوں پر پورا کیا جا سکے۔میاں ذیشان رفیق نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری تعمیراتی میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کریں، تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر نظر رکھیں اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقررہ اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت شہری ترقی، بہتر نکاسی آب اور معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام ان مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔




