وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) گارڈن ٹائون میں اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک، متعلقہ میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ واٹرٹینکس اور ڈرینز کے بعد ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 96 زیر زمین ٹینکس بننے سے 51 شہروں میں 23 ملین گیلن برساتی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی میں 61 کلومیٹر طویل 115 ڈرینز بھی بن رہی ہیں جبکہ مختلف شہروں میں 40 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔ صوبائی وزیر نے باقیماندہ ڈسپوزل سٹیشنز کیلئے اراضی جلد حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ اگلے مون سون سے پہلے اہداف حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔ اس ضمن میں ایم او آئیز اپنے شہر میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔






