صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع بھر میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی، صفائی آپریشنز اور شہری و دیہی علاقوں کے مائیکرو پلانز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں فوکل پرسن سی ایم برائے سھترا پنجاب عاصم محمود، ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب ایجنسی عمر جاوید، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، رکن صوبائی اسمبلی رانا فیاض اور ایم ڈی ستھرا پنجاب مزمل حسین سمیت متعلقہ افسران، تحصیل مینجرز اور کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں سیالکوٹ کی تمام تحصیلوں میں ستھرا پنجاب کے تحت جاری صفائی آپریشنز، افرادی قوت، مشینری کی دستیابی، فیلڈ مانیٹرنگ اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادیوں میں صفائی کے مائیکرو پلانز پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے ہر تحصیل میں عملی کارکردگی کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور کاغذی کارروائی کے بجائے فیلڈ میں واضح نتائج یقینی بنائے جائیں۔میاں ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام تحصیل مینجرز فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی اور حاضری کی سخت نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی غیر حاضری، فرائض میں غفلت اور صفائی کے مقررہ اہداف کے حصول میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز اور متعلقہ منیجرز کی کارکردگی کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جائے اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غفلت کے مرتکب عناصر کا مؤثر احتساب یقینی بنایا جائے۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے لئے تمام دستیاب وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں، لہٰذا کارکردگی، رفتار اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں میں صفائی کے مائیکرو پلانز پر مؤثر عمل درآمد، مشینری کے مکمل استعمال، فیلڈ اسٹاف کی حاضری اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات شہریوں اور دیہی آبادیوں تک یکساں طور پر پہنچ سکیں۔






