اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات: پانچ سالہ انتظار کے بعد جمہوریت نچلی سطح تک پہنچنے کی امید۔۔۔ حرفِ حقیقت: محمد اقبال مغل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ایک مرتبہ پھر تیز ہو گئی ہیں۔ تقریباً ساڑھے پانچ سال سے منتخب مقامی حکومت کے بغیر چلنے والے شہر میں اب 20 دسمبر 2026ء کو پولنگ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ 3 ہزار 505 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن میں 110 خواتین بھی شامل ہیں۔ انتخابی عمل میں یہ پیش رفت خوش آئند ضرور ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا اس مرتبہ اسلام آباد کے شہریوں کو واقعی اپنی مقامی حکومت منتخب کرنے کا موقع مل سکے گا؟اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015ء میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت منعقد ہوئے تھے۔ ان انتخابات کے نتیجے میں میئر اور ڈپٹی میئر سمیت مقامی8 نمائندے منتخب ہوئے۔ تاہم فروری 2021ء میں مقامی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد نئے انتخابات نہ ہو سکے۔ قانون کے مطابق مقررہ مدت کے اندر انتخابات کرانا ضروری تھا، لیکن قانونی پیچیدگیوں، حلقہ بندیوں میں تبدیلیوں اور انتظامی فیصلوں نے اس عمل کو مسلسل تاخیر کا شکار رکھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل چھ مرتبہ کیا گیا اور انتخابی شیڈول بھی چار مرتبہ جاری ہوا، مگر انتخابات منعقد نہ ہو سکے۔الیکشن کمیشن نے بالآخر موجودہ قانونی صورت حال کے پیش نظر 2015ء کے قانون کے تحت انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا اور 20 دسمبر 2026ء پولنگ کی تاریخ مقرر کی۔ نومبر میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 نومبر تک بڑھائی گئی۔ اب 11 سے 16 نومبر تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی، جبکہ انتخابی اعتراضات اور اپیلوں کے مراحل مکمل ہونے کے بعد 28 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے حالیہ اجلاس میں انتخابی مواد کی خریداری مکمل ہونے اور بیلٹ پیپرز کی طباعت کے انتظامات تیار ہونے کی اطلاع دی گئی۔ اسلام آباد انتظامیہ کو سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کا جامع منصوبہ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 15 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جانے کی تجویز ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر پنجاب سے اضافی نفری بھی طلب کی جا سکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد اور ہر مرحلے کی بروقت رپورٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ موجودہ انتخابی اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو 6 ہزار 568 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے تھے، جبکہ 3 ہزار 505 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ دستیاب معلومات کے مطابق 50 انتخابی حلقوں اور 1125 جنرل کونسلر کی نشستوں کے لیے امیدوار میدان میں اتریں گے۔ خواتین کی جانب سے صرف 110 کاغذات نامزدگی جمع کرانا ایک اہم سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا خواتین کو مقامی سیاست میں مؤثر نمائندگی اور عملی شرکت کے یکساں مواقع میسر ہیں؟ خواتین کی سیاسی شمولیت محض مخصوص نشستوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں عام نشستوں پر بھی انتخاب لڑنے کی حوصلہ افزائی ملنی چاہیے۔زمینی حقائق یہ ہیں کہ اسلام آباد صرف پارلیمنٹ، ایوان صدر، وزارتوں اور سرکاری دفاتر کا شہر نہیں بلکہ لاکھوں شہریوں کی رہائش گاہ بھی ہے۔ یہاں پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صفائی، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت، گلیوں کی روشنی، پارکوں کی دیکھ بھال، تجاوزات، پیدائش و اموات کے اندراج اور شہری سہولتوں جیسے مسائل روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں۔ ان مسائل کا فوری حل اسی وقت ممکن ہے جب منتخب مقامی نمائندوں کو اختیارات، وسائل اور انتظامی ذمہ داریاں حاصل ہوں۔ محض نمائندوں کا انتخاب کافی نہیں، انہیں فیصلہ سازی اور ترقیاتی بجٹ میں بھی حقیقی اختیار ملنا ضروری ہے۔پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 140-A مقامی حکومتوں کے قیام اور منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ اس آئینی تقاضے کا بنیادی مقصد اقتدار کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے، تاکہ شہری اپنے محلے اور علاقے کے مسائل کے حل میں براہ راست شریک ہو سکیں۔اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات محض چند ہزار امیدواروں کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ مقامی جمہوریت کی بحالی کا امتحان ہیں۔ پانچ سال سے زائد عرصے تک منتخب نمائندوں سے محروم رہنے والے شہری اب یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان کے ووٹ سے بننے والی حکومت انہیں کتنی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے لیے بھی اصل کامیابی صرف 20 دسمبر کو پولنگ کرا دینا نہیں بلکہ شفاف انتخابات، غیر جانبدارانہ انتظامات اور عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنانا ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ انتخابی نتائج کے بعد مقامی اداروں کو بااختیار بنائے۔ کیونکہ جمہوریت کی مضبوطی کا اندازہ صرف قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ عام شہری کے محلے میں اس کی آواز کتنی سنی جاتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button