وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ایک تلخ زمینی حقیقت ہیں۔ گلیشیئرز سے بننے والی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور سیلابی ریلوں سے انسانی آبادیاں، زرعی زمینیں اور بنیادی ڈھانچہ مسلسل متاثر ہو رہے ہیں۔ خطے کے گلیشیئرز پورے پاکستان کے لیے پانی کا اہم ذخیرہ ہیں، جن کے تحفظ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ماؤنٹین ویمن کلائمیٹ ایوارڈ 2026 کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریب میں پیش کی گئی کہانیاں اور دستاویزی فلمیں مقامی آبادیوں کو درپیش حقیقی حالات کی عکاسی کرتی ہیں، تاہم ان آفات کی مکمل شدت، انسانی المیے اور مستقبل کے خطرات کا احاطہ محض کہانیوں اور دستاویزی فلموں کے ذریعے ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کے تین عظیم پہاڑی سلسلوں کا سنگم اور تقریباً آٹھ ہزار گلیشیئرز کا مسکن ہے۔ خطے کی متعدد آبادیاں گلیشیئرز کے زیریں علاقوں میں واقع ہیں، جہاں برفانی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب پورے دیہات کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ہر سال ایک ہزار کے لگ بھگ گھرانے متاثر ہوتے ہیں، مکانات اور فصلیں تباہ ہوتی ہیں اور حکومت کو متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کا مشکل مرحلہ درپیش ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری یہ صورتِ حال آنے والے برسوں کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی آفات سے سڑکوں، بجلی گھروں، اسکولوں اور کالجوں سمیت بنیادی تنصیبات کو بھی بھاری نقصان پہنچتا ہے۔ ان کی بحالی پر ہر سال اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس سے خطے کے محدود ترقیاتی وسائل پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور ان سے وابستہ خطرات کے مطالعے کے لیے پہلے کوئی مخصوص ادارہ موجود نہیں تھا۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر گلیشیئر پروٹیکشن اتھارٹی (جی پی اے) قائم کی گئی ہے۔ مختلف بلندیوں پر واقع گلیشیئرز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سائنسی بنیادوں پر سمجھنا اور ان کے مطابق حفاظتی اقدامات وضع کرنا ضروری ہے۔ اتھارٹی کو قومی و بین الاقوامی تحقیقی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر روابط قائم کرنے چاہئیں تاکہ یہ تعاون عملی، تکنیکی اور تحقیقی معاونت کی صورت اختیار کرے۔ انہوں نے گلیشیئرز کی مقامی پیوندکاری، یعنی گلیشیئر گرافٹنگ کے روایتی علم اور تجربات کو بھی تحقیق اور تحفظ کی کوششوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خواتین کی معاشی شمولیت کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کے اکنامک ٹرانسفارمیشن انیشی ایٹو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پیداوار، مصنوعات کی قدر میں اضافے اور منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں سے مقامی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کی راہ ہموار ہوئی ہے، جبکہ خواتین کی صلاحیتوں اور معاشی کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسے اقدامات کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے گلیشیئرز ایک مشترکہ قدرتی اثاثہ اور پاکستان کے لیے آبی ذخیرے کی حیثیت رکھتے ہیں، جو ملک کی زراعت اور آب پاشی کے نظام کو پانی فراہم کرتے ہیں۔ اس قیمتی اثاثے کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گلگت بلتستان کو موسمیاتی خطرات سے نمٹنے، مقامی آبادیوں کو محفوظ بنانے اور گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے مزید وسائل، سائنسی تحقیق اور عالمی توجہ و تعاون درکار ہے۔






