ایوان اقبال کمپلیکس کے زیراہتمام یوم اقبال کے موقع پر فکر اقبال اور آج کا پاکستان کے عنوان سے150 سالہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز

ملکی قیادت کو افکار اقبال سمجھنے کی زیادہ ضرورت ہے،اقبال ایسی اسلامی مملکت چاہتے تھے جو دنیا کی قیادت کرے،معاشی ترقی کیلئے کشکول توڑنا ہو گا،علامہ اقبال کا اصل مخاطب نوجوان تھے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان اقبال کمپلیکس کے زیراہتمام یوم اقبال کے موقع پر فکر اقبال اور آج کا پاکستان کے عنوان سے 150 سالہ اقبال تقریبات(1877-2027) کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر کیا، تقریب کی صدارت وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کچھی نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق تھے۔ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب سے سینئر صحافی سلمان غنی،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عمر چودھری نے بھی خطاب کیا۔صدر مجلس وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کے اصل مخاطب نوجوان تھے جن میں خصوصی طور پر طالبات بھی شامل ہیں،انہوں نے کہا نوجوان نسل صداقت اور شجاعت سے کام لےگی تو ہی وہ دنیا کی امامت کر سکے گی،اقبال عشق رسولؐ کا درس دیتے ہیں ،اگر عشق رسولؐ نوجوانوں میں موجزن ہو گیا تو دنیا میں ہر چیز ان کی مرضی کے مطابق ہو گی۔مہمان خصوصی خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام اپنے من میں ڈوب کر سراغ زندگی پانے کا نام ہے،اقبال کے افکار اور پیغام صرف مسلمانان ہند کیلئے نہیں تھا بلکہ یہ ایران اور وسطی ایشیا کے باسیوں کیلئے بھی تھا،ان کا کہنا تھا اللہ پر توکل کر کے جہد مسلسل کرنا ہی خودی ہے،اپنے دل کے راز کو پانے کا نام خودی ہے اور یہ فلسفہ خودی کسی کے آگے جھکنے نہیں دیتا،افکار اقبال کو سمجھنے کی زیادہ ضرورت پاکستان کی قیادت کو ہے،اقبال کی سوچ سے ایرانی منزل پا گئے،ترک آگے نکل گئے لیکن اقبال کے اپنے دیس میں عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا اگر اقبال کے افکار پر عمل ہو گا تو اجارہ داریاں ٹوٹیں گی،عام آدمی کی سنی جائے گی،میں نہیں سمجھتا کہ یہاں کی ایلیٹ میں کوئی تڑپ ہے،ان حالات میں ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا،اس وقت ملک میں تنائو،کشمکش،دہشتگردی،گولہ،بارود اور گالی گلوچ ہے،ان تمام حالات کے باوجود اپنے حصے کی اذان دیتے رہیں،سچ کو سچ،حق کو حق اور جھوٹ کو جھوٹ کہ کراپنی ذمہ داری پوری کرتے رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا جب تک ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز میثاق پاکستان نہیں کریں گے بہتری نہیں آ سکتی۔سینئر صحافی سلمان غنی کا کہنا تھا اقبال ایک کیفیت،جذبے اور سوچ کا نام ہے،اقبال کا خواب صرف قیام پاکستان نہیں تھا بلکہ ایسی مملکت کا وجود تھا جو دنیا کی قیادت کرے،ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کو شکست دینے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ایرانی قوم اقبال شناس ہے،وہ علامہ کے افکار پر عمل پیرا ہے،پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی وجہ سے روشن ہے۔انہوں نے مزید کہا ہم دفاعی اور سفارتی محاذ پر تو کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں مگر ہمارا المیہ ہے کہ اقبال نے جس ملک کا نظریہ پیش کیا وہ ہم حاصل نہیں کر سکے،یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک ہاتھ میں ایٹم بم ہو اور دوسرے میں کشکول،اس کشکول کو توڑنا ہو گا،ترقی کیلئَے نوجوانوں کو تعلیمی وسائل مہیا کرنا ہو ں گے،نوجوانوں کو اپنی سوچ اور اپروچ کو پاکستانی بنانا ہو گا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نے اپنے خطاب میں کہا اقبال مذہبی قومیت کے قائل تھے،ان کی شاعری میں خواتین کی بڑی اہمیت ہے،اقبال کا فکری نظریہ ہی قیام پاکستان کا سبب بنا،اقبال کی شاعری کا ماخذ قرآن و حدیث اور رسولؐ کی محبت ہیں،علامہ اقبال نوجوانوں کو عمل کی طرف راغب کرتے تھے،خودی ایک کیفیت کا نام ہے جو انسان کو دنیا سے بیگانہ کرتی ہے۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر عمر چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کا مرکز و محور نوجوان تھے،شاعر مشرق یقیں محکم،عمل پہم اور محبت فاتح عالم کے پرچارک تھے۔انہوں نے کہا نوجوان نسل کو سوال کرنے کی آزادی دی جائے،جب تک سوالات نہیں پوچھے جائیں گے تحقیق آگے بڑھے گی اور نہ ہی ترقی ہو گی، صحت مند اور خوشحال معاشرے کیلئَے طلبا کی کردار سازی بھی انتہائی ضروری ہے۔قبل ازیں تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری سعد افضل نے حاصل کی جبکہ نعتیہ کلام اقبال محمد بلال بٹ نے پیش کیا، نقابت کے فرائض اقبال ینگ سکالر زید حسین نے انجام دئیے۔

جواب دیں

Back to top button