لاہور ( خصوصی رپورٹ ) معروف تجزیہ نگار، چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان لاہور مجیب الرحمٰن شامی نے کہا ہے کہ ہمدرد فری موبائل ڈسپنسری دراصل خدمتِ انسانیت کا ایک خوبصورت اور عملی نمونہ ہے۔ طبیب آتے ہیں، مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں اور شہر کے مختلف پسماندہ علاقوں میں جا کر دکھی انسانیت کی خدمت انجام دیتے ہیں وہ لیڈرز میڈیا اوئیرنس فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ہمدرد فری موبائل ڈسپنسری ٹاؤن شپ یونٹ کی 25 سالہ مسلسل خدمات کے حوالے سے منعقدہ” سلور جوبلی” تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مجیب الرحمٰن شامی کا مزید کہنا تھا یہ سب دراصل شہید حکیم محمد سعید کا صدقۂ جاریہ ہے جنہوں نے انسانیت کی خدمت کا جو چراغ روشن کیا تھا، آج ان کی صاحبزادی محترمہ سعدیہ راشد اور ان کے رفقاء اسی جذبے کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت، اخلاص اور توفیق عطا فرمائے مجیب الرحمٰن شامی صاحب کا مزید کہنا تھا یہ خدمت کسی ایک طبقے یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ ہر اس انسان کے لیے ہے جو ضرورت مند ہے۔
قرآنِ پاک میں مخلوقِ خدا کی خدمت کو اللہ کا قرب قرار دیا گیا ہے۔ جب ہم انسانیت کی خدمت کرتے ہیں تو دراصل اللہ کی رضا اور قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس سے بڑی سعادت کوئی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ہمدرد سے وابستہ احباب کو مسلسل خدمتِ خلق میں مصروف دیکھ رہے ہیں۔ کبھی مریضوں کا علاج، کبھی آگاہی مہمات، حقیقت یہ ہے کہ خدمتِ خلق کا یہ سفر ختم ہونے والا نہیں، کیونکہ معاشرے میں ضرورتیں بڑھ رہی ہیں، بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، ایسے میں انسانیت کی خدمت کرنے والے لوگ معاشرے کے لیے امید کی کرن ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کام دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو وباؤں، بیماریوں اور ہر قسم کی آفات سے محفوظ رکھے۔تقریب سے چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ممبر صوبائی اسمبلی ملک شہباز علی کھوکھر ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ سعدیہ راشد، سید علی بخاری اور ان تمام رفقائے کار کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتے ہیں جو اس کارِ خیر کو مسلسل آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ادارہ ہمدرد انہیں یاد کرتا ہے تو وہ اپنی حاضری کو اعزاز سمجھتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور اسے جاری و ساری رکھے ۔سید علی بخاری نے کہا کہ ادارہ ہمدرد کی موبائل فری ڈسپنسریاں ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بھرپور اور فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام خدمات کا تسلسل شہید حکیم محمد سعید کا وژن ہے جنہوں نے ایک ایسے صحت مند اور بیماریوں سے پاک معاشرے کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر ضرورت مند کو بلا امتیاز علاج اور طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمدرد اسی مشن کو اخلاص اور خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے۔۔لیڈرز میڈیا اوئیرنس فاﺅنڈیشن فاﺅنڈیشن کے صدر محمد نصیر الحق ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد کی موبائل فری ڈسپنسریاں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں،خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دی رہی ہیں جہاں سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مریض مستفید ہوتے ہیں، یہ وہ قومی خدمت ہے جس پر ادارہ ہمدرد مبارکباد کا مستحق ہے۔تقریب سے علامہ غلام شبیر فاروقی، حکیم قاری محمد یاسین، سید مصور زنجانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مہر عبدالرؤف نے احسن طریقے سے انجام دیے۔اس موقع پر ٹاون شپ کی معروف سماجی شخصیت مہر عبدالروف کو علاقہ ٹاؤن شپ میں ہمدرد موبائل فری ڈسپنسری کے انتظامی امور میں خصوصی تعاون پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب میں معززین علاقہ سمیت مریضوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک ہوئی ۔


