گندم کی ترسیل کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ،سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان کا نوٹس،چھان بین کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

اسلام آباد بیس گودام سے ضلع غذر گندم کی ترسیل کے دوران مبینہ طور پر گندم میں پانی ملانے اور وزن پورا کرنے کے لیے ٹرک میں پانی ڈالنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کا سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان محمد اعظم خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔آفس آرڈر کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر خوراک گلگت ریجن کریں گے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوراک گلگت اور ڈائریکٹوریٹ خوراک ہیڈکوارٹرز کا ایک نمائندہ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جائے وقوعہ جگلوٹ کا دورہ کرکے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے، متعلقہ شواہد اور حقائق کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرے اور اپنی واضح سفارشات پر مشتمل رپورٹ دو دن کے اندر سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان کو پیش کرے تاکہ قواعد و ضوابط کے تحت مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔محکمہ خوراک گلگت بلتستان واضح کرتا ہے کہ اسلام آباد بیس گودام سے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع کو ارسال کی جانے والی تمام سرکاری گندم کی کھیپ (Consignments) متعلقہ ضلعی گوداموں میں باقاعدہ طے شدہ طریقہ کار اور ایس او پیز کے تحت وصول کی جاتی ہے۔گندم کی ہر کھیپ کی وصولی سے قبل متعلقہ گودام میں نصب ویٹ برج (Weighbridge) کے ذریعے گاڑیوں کا مکمل وزن چیک کیا جاتا ہے، جبکہ گندم کی مقدار، ترسیلی دستاویزات اور دیگر متعلقہ ایس او پیز کی جانچ پڑتال کے بعد ہی گندم کی باقاعدہ وصولی (Receiving) کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

مزید برآں، دورانِ وصولی اگر کسی ٹرانسپورٹ کنٹریکٹر کی جانب سے فراہم کردہ گندم کے وزن میں مقررہ مقدار کے مقابلے میں کمی یا کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے آئے تو محکمہ کی مروجہ پالیسی اور معاہدے کی شرائط کے مطابق متعلقہ کنٹریکٹر سے کم وزن کی مکمل مالیاتی لاگت وصول کرنے کے ساتھ ساتھ مقررہ جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔ اس طرح سرکاری گندم کے وزن میں کمی کی صورت میں ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جاتا ہے اور ذمہ دار کنٹریکٹرز کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان نے واضح کیا کہ محکمہ خوراک اس امر کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ اسلام آباد بیس گودام سے لے کر گلگت بلتستان کے آخری ضلعی گودام تک سرکاری گندم کی ترسیل، وزن کی تصدیق اور وصولی کا تمام نظام شفاف، مستند اور قابلِ احتساب ہو۔محکمہ خوراک گلگت بلتستان عوام کو یقین دلاتا ہے کہ سرکاری گندم کی حفاظت، درست وزن اور عوام تک اس کی منصفانہ فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button