بلدیاتی انتخابات،گلگت،اسکردو اور چلاس میونسپل کارپوریشنز کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران مقرر

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گلگت، اسکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) کی جانب سے 20 اکتوبر 2026ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کو میونسپل کارپوریشن گلگت، ڈپٹی کمشنر اسکردو حمزہ مراد کو میونسپل کارپوریشن اسکردو جبکہ ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس کو میونسپل کارپوریشن چلاس کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔یہ تقرریاں الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعہ 50، الیکشن رولز 2017ء کے رول 46 اور گلگت بلتستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014ء سمیت متعلقہ قانونی دفعات کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مقرر کردہ افسران اپنے متعلقہ دائرۂ اختیار میں میونسپل کارپوریشنز کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور انجام دیں گے۔ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو سرکاری گزٹ میں اشاعت کے لئے بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button