ای ٹینڈرنگ کے حوالے سے سفارشات جلد از جلد پیش کی جائیں،وزیر اعلٰی گلگت بلتستان

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ای گورننس کے فروغ، تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی اور الاٹمنٹ کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق یقینی بنانے کے لیے اس طریقہ کار کو پلاننگ مینوئل کا حصہ بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے ای ٹینڈرنگ کے حوالے سے سفارشات جلد از جلد مکمل کرکے منظوری کے لیے متعلقہ فورم میں پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ صوبے میں یکساں ٹینڈر پالیسی متعارف کرائی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سال 2026 کے نئے ریٹس کے اجراء کے حوالے سے قائم کمیٹی کو بھی ہدایت کی کہ اپنی سفارشات جلد مرتب کرکے پیش کرے۔تین ہفتوں کے اندر تمام محکموں میں پلاننگ سیل قائم کیے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی جامع منصوبہ بندی، بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر انتظامی منظوری (Administrative Approval) یا نظرثانی (Revision) کی متعلقہ فورم سے باقاعدہ منظوری کے بغیر کام شروع کرنا غیر قانونی ہے۔ لہٰذا تمام منصوبوں پر کام شروع کرنے سے قبل متعلقہ فورم سے ضروری منظوری حاصل کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو منصوبوں کی نظرثانی کے لیے معیاری ضابطہ کار (SOPs) تیار کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ غیر ضروری نظرثانی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور ترقیاتی فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران صوبائی سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ٹینڈرز کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اب تک صوبے میں 150 ٹھیکیداروں کو ای ٹینڈرنگ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ای ٹینڈرنگ نظام کے افتتاح کے بعد تمام اقسام کے ٹینڈرز اسی نظام کے تحت کیے جائیں گے۔اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیراتِ عامہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ، سیکریٹری مواصلات و تعمیراتِ عامہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری برقیات سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button