گلگت بلتستان(بلدیات ٹائمز ڈاٹ کام)الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشنز گلگت، اسکردو اور چلاس میں کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف دائر ہونے والی اپیلوں کی سماعت اور فیصلوں کے لیے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز کو اپیلٹ ٹربیونلز مقرر کر دیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ گلگت بلتستان نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گلگت امیر حمزہ کو ضلع گلگت، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اسکردو خورشید احمد کو ضلع اسکردو، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج دیامر سہیل احمد خان کو ضلع دیامر، بشمول میونسپل کارپوریشن چلاس، کے لیے اپیلٹ ٹربیونل مقرر کیا گیا ہے۔
مقرر کردہ اپیلٹ ٹربیونلز متعلقہ میونسپل کارپوریشنز کے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی قبول یا مسترد کیے جانے کے خلاف موصول ہونے والی اپیلوں کی سماعت کریں گے اور ان پر فیصلہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول میں مقررہ مدت کے اندر کیا جائے گا۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلدیاتی انتخابات کے عمل میں قانونی تقاضوں کی تکمیل اور امیدواروں کو کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق فیصلوں کے خلاف اپیل کا قانونی فورم فراہم کرنا ہے۔ اپیلٹ ٹربیونلز انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔





