وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری بلدیات خُرم خان وِرک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی شہروں میں بنیادی میونسپل خدمات کی فراہمی کا بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت اب تک51 شہروں میں 99 زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید 11 سٹوریج ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹینکس میں 23 ملین گیلن برساتی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” کے تحت 98 ڈرینز بھی مکمل ہوچکی ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مختلف شہروں میں 1755 کلومیٹر سیور لائن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح 34 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر بھی شروع ہوچکی ہے۔ اگلے مون سون سے پہلے واٹر ٹینکس، ڈرینز اور سیور کو منسلک کردیا جائے۔ وزیر بلدیات نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیوریج سسٹم بچھانے سے ان شہروں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری بلدیات خرم خان وِرک نے ہدایت کی کہ کھدائی والی سائٹس کی سیفٹی کیلئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ میونسپل آفیسرز (انفراسٹرکچر) معیار اور مقررہ ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھیں۔






