شہر کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر بھر میں سڑکوں کی تعمیر، مرمت، بحالی اور صفائی کے کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیمیں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں، مشن روڈ کی حالیہ تعمیر نو اور بحالی کے بعد سڑک کو دھونے اور صفائی کے اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر سفری ماحول میسر آسکے،مشن روڈ شہر کی اہم اور مصروف ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں، بالخصوص سول اسپتال کراچی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما سینٹر آنے جانے والے مریضوں، ان کے اہل خانہ اور دیگر شہریوں کے لیے یہ سڑک انتہائی اہمیت رکھتی ہے، سڑک کی تعمیر نو کے بعد اس کی صفائی اور دھلائی کا عمل بھی شہری سہولتوں میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے،دوسری جانب چکور نالہ ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام مکمل ہونے سے قبل ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے رات کے اوقات میں اس سڑک کا استعمال شروع کر دیا ہے جو اس منصوبے کی اہمیت اور شہریوں کی جانب سے اس کی افادیت کا اظہار ہے، اس شاہراہ کی تکمیل سے علاقے کے رہائشیوں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو آمدورفت میں مزید سہولت ملنے کی توقع ہے،ادھر توری بنگش روڈ پر بھی کے ایم سی کی ٹیمیں شام کے اوقات میں پوری تندہی کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں، شام کے وقت بھی عملے کی موجودگی اس بات کا مظہر ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور مختلف علاقوں میں ترقیاتی و بحالی کے منصوبوں پر پیشرفت یقینی بنائی جا رہی ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے، ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات کو کراچی کی ترقی کے سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے، کے ایم سی کی ٹیمیں مختلف شاہراہوں پر تعمیر و بحالی کے ساتھ ساتھ صفائی کے امور بھی انجام دے رہی ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں،شہر کی مختلف سڑکوں پر جاری یہ سرگرمیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ کراچی کو ایک بہتر، صاف ستھرا اور جدید شہری ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے، بدلتا ہوا اور بہتر ہوتا ہوا ہم سب کا کراچی شہریوں کے لیے امید اور ترقی کے نئے امکانات پیدا کر رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button