محکمہ زراعت پنجاب نے مقررہ مدت میں رجسٹریشن کی تجدید نہ کروانے یا مالکان کی درخواست پر 29 پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرکے انہیں فعال ڈسٹری بیوٹرز کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل زراعت (PW&QCP) پنجاب، لاہور کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامے کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کی رجسٹریشن محکمہ کے قوانین کے تحت منسوخ کی گئی ہے۔ محکمہ زراعت نے تمام پیسٹی سائیڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ کی کڑی نگرانی کی جائے اور مذکورہ کمپنیوں کی مصنوعات کی ریٹیل سطح پر فروخت روکنے کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے
۔ڈی لسٹ کی گئی کمپنیوں میں زین ایگرو کیمیکلز، کینڈور انٹرپرائزز، گرین کراپس پرائیویٹ لمیٹڈ، بائیو ریو انٹرنیشنل، قادری ایگرو ٹریڈرز، انوویٹیو کیمیکلز، سگما انٹرنیشنل، سندس فرٹیلائزر اینڈ کیمیکلز، یو اے کیو کیمیکلز انڈسٹریز، امپیریل ایگرو سائنسز، سوائل فارم سروسز، اسٹار پیسٹی ایگرو انٹرنیشنل، نایاب فارمنگ کیمیکلز، کیو اینڈ کیو انٹرنیشنل، فور برادرز فارمز، ایس جی کراپ سائنسز، عنزہ انٹرپرائزز، ایف ایم زیڈ انٹرپرائزز، اسٹیڈیک ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان، سولوے ایگرو، ایمگل پرائیویٹ لمیٹڈ، پین پنجاب کیمیکلز، ایمگل کیمیکلز، آربیکو انٹرنیشنل، انسٹا کراپ سائنس، افنان کراپ کیئر، خان کراپ کیئر، ایگری ورلڈ کیمیکلز اور ایگری میکس سیڈ اینڈ سائنسز شامل ہیں۔پنجاب پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے صوبہ بھر کے ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی دکانوں اور گوداموں میں موجود اسٹاک فوری چیک کریں اور مذکورہ کمپنیوں کی مصنوعات کی خرید و فروخت سے گریز کریں تاکہ ممکنہ قانونی کارروائی، جرمانوں اور دکانوں کی سیلنگ سے محفوظ رہ سکیں۔ایسوسی ایشن نے تمام ڈیلرز سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری حکم نامے کا بغور مطالعہ کریں اور اس حوالے سے دیگر ساتھیوں کو بھی آگاہ کریں۔