صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے لاہور میں تقریباً 32 کلومیٹر طویل ٹرنک سیور تعمیر کیا جائے گا، جس سے شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل اور ماحولیاتی صورتحال میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا لاہور ہیڈکوارٹرز میں لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینیج مینجمنٹ پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید، وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر ہشام پرویز وثیر اور چینی جوائنٹ وینچر کے نمائندے مسٹر وانگ چاؤژو نے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے بتایا کہ 155 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے شروع کیے جانے والے اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں وسطی لاہور کے صدر چوک، گلشن راوی، گلبدن اور قرطبہ چوک کے علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 848 کیوسک گنجائش کا جدید ڈسپوزل اسٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا، جبکہ کینٹ، گلبرگ، سینٹرل ڈرین اور آؤٹ فال چینل کی بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے تقریباً 23 لاکھ 50 ہزار شہری مستفید ہوں گے۔ جدید ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹرنک سیور کی تعمیر سے روایتی کھدائی کی ضرورت کم ہوگی اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔ منصوبے سے سیوریج اور بارشی پانی کی محفوظ نکاسی ممکن ہوگی، جبکہ سنٹرل لاہور کو گندے پانی کے اخراج سے محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی جدید خطوط پر ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ واسا لاہور اپنی انتظامی اور تکنیکی صلاحیتوں کے اعتبار سے صوبے کے تمام واساز کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید نے کہا کہ پنجاب بھر میں واساز کی استعدادِ کار بڑھانے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور کے نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینیج مینجمنٹ پراجیکٹ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ واسا لاہور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔ یہ منصوبہ شہریوں کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اس منصوبے کی نمایاں خصوصیت ہے، جس سے لاہور کے نکاسی آب کے نظام کو پائیدار بنیادوں پر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔






