بسنت 2026 کی طرح بسنت 2027 کو بھی پرامن بنایا جائے گا،وقار احمد،فیصل کامران،علی اعجاز

تاریخی تہوار کی پرامن اور محفوظ بحالی کے لیے قائد ن لیگ کے معاون وقار احمد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی مشترکہ صدارت میں بسنت 2027 کے انتظامی و سکیورٹی امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) وقاص انجم، پتنگ بازی ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور دیگر انتظامی و پولیس حکام نے شرکت کی جہاں ایسوسی ایشن کی جانب سے خام مال کی قیمتوں اور مسابقتی مارکیٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس کے دوران واضح کیا گیا کہ بسنت کی تمام سرگرمیاں صرف 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کے لیے مقرر کی گئی ہیں جبکہ کم آمدنی والے طبقات کی شمولیت کے لیے بین الاضلاع تجارت کو فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔فیسٹیول کو محفوظ بنانے کے لیے پانچ واضح ہدایات جاری کی گئیں جن میں پتنگ بازی کو صرف مقررہ تاریخوں تک محدود رکھنے، غیر قانونی ڈور اور ممنوعہ خام مال کی فروخت پر فوری بلا امتیاز کریک ڈاؤن کرنے، موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے سیفٹی راڈز کی تنصیب کی مہم شروع کرنے، بانس اور خام مال کی قیمتوں کو ضابطے میں لانے، اور تمام متعلقہ محکموں کو فول پروف سکیورٹی کے لیے باہمی رابطہ برقرار رکھنے کے احکامات شامل ہیں۔ اپنے بیانات میں قائد ن لیگ کے معاون وقار احمد نے کہا کہ بسنت کے تہوار میں نچلے طبقے کی شمولیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور لائسنس یافتہ ہولڈرز قواعد کی پابندی کرتے ہوئے آزادانہ کام کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تاکید کی کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ بسنت 2026 کی طرح بسنت 2027 کو بھی پرامن بنایا جائے گا اور تہوار سے پہلے، دوران اور بعد میں سخت حفاظتی اقدامات نافذ رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button