*پنجاب کے تمام اضلاع میں موسمِ سرما کی ڈی سلٹنگ مہم یکم دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ*

محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع میں موسمِ سرما کے دوران سیوریج لائنوں اور ڈرینز کی صفائی کے لیے خصوصی ڈی سلٹنگ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ مہم یکم دسمبر سے 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ موسمِ سرما کے دوران سیوریج لائنوں اور ڈرینز میں جمع ہونے والی سِلٹ کی صفائی سے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام کا مقصد سیوریج نظام کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنانا اور شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق گزشتہ سال بھی ڈی سلٹنگ مہم کے تحت مختلف اضلاع میں سیوریج سسٹم کی جامع صفائی کی گئی تھی۔ سیوریج لائنوں اور ڈرینز میں جمع ہونے والی سِلٹ موسمِ سرما کے اختتام تک جم جاتی ہے، جس سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اسی لیے موسمِ سرما میں خصوصی ڈی سلٹنگ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب کی واسا ایجنسیاں موسمِ سرما کی خصوصی مہم کے علاوہ معمول کے مطابق گرمیوں میں بھی ڈی سلٹنگ کا کام جاری رکھیں گی تاکہ سیوریج لائنوں اور ڈرینز کی صفائی کا عمل مسلسل برقرار رہے۔پنجاب واسا کی 2026 کی ڈی سلٹنگ مہم کے دوران 4,273 کلومیٹر سے زائد سیوریج لائنوں اور 806 کلومیٹر سے زائد ڈرینز کی صفائی کی گئی، جبکہ 236,057 مین ہولز صاف کیے گئے۔ اس دوران 759,748 ٹن سے زائد سِلٹ بھی اکٹھی کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button