وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری سہولیات میں بہتری اور ادارے کی مالی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے واسا لاہور کی ریونیو ریکوری مہم جاری ہے۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیرِ صدارت ریونیو ریکوری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام ٹاؤنز کی ریونیو کارکردگی اور ریکوری کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ریونیو ریکوری میں اضافے کے لیے کمرشل اور ڈومیسٹک کنکشنز کے سروے کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت کی کہ تمام ٹاؤنز میں بیچ وائز ریونیو ریکوری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ریونیو اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام ٹاؤنز میں سو فیصد ریونیو ریکوری یقینی بنائی جائے اور ڈیفالٹرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ بقایا جات کی وصولی کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پانی کے ضیاع اور غیر ضروری استعمال کی روک تھام کے لیے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے واسا بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ ادارے کی مالی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ریونیو، ڈائریکٹرز آپریشنز، ڈپٹی ڈائریکٹرز ریونیو اور جبکہ ایکسینز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔






