صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کیلئے واسا لاہور کا اہم اقدام،واساز کے لیبارٹری افسران کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد

منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی ہدایات پر واسا لاہور کی واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے زیرِ اہتمام مختلف واساز کی واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے افسران کے لیے ایک روزہ خصوصی تربیتی پروگرام ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، گلشنِ راوی، لاہور میں منعقد کیا گیا۔تربیتی پروگرام میں واسا راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ، جھنگ، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، لودھراں، میانوالی، بھکر، بہاولنگر اور لیہ کے نمائندگان نے شرکت کی۔تربیتی سیشنز کی قیادت ڈاکٹر زینب عباس، چیف کیمسٹ واسا لاہور نے اپنی تکنیکی ٹیم کے ہمراہ کی۔ پروگرام کا مقصد لیبارٹری افسران کی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور پانی کے معیار کی جانچ کے جدید اور مستند طریقۂ کار سے متعلق ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا تھا۔تربیتی سیشنز کے دوران پانی کے معیار کی جانچ، نمونے جمع کرنے کے درست طریقۂ کار، لیبارٹری کوالٹی ایشورنس اور پینے کے پانی کی مؤثر کوالٹی مانیٹرنگ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔ شرکاء کو تکنیکی معلومات کے تبادلے اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کے معیارات کو مزید بہتر بنانے کا موقع بھی ملا۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسنادِ شرکت تقسیم کی گئیں۔یہ تربیتی پروگرام واسا لاہور کی جانب سے ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے، مختلف واساز کے مابین تکنیکی تعاون کے فروغ اور پانی کے معیار کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button