غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،خلاف ورزی پر مقدمات درج کروائے جائیں،کمشنر ساہیوال

کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام اور قانون کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وہ یہاں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی روک تھام اور قانونی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد طارق اسماعیل اور ضلع کونسل کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنرز اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور پاکپتن آصف رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری کارروائیوں اور متعلقہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ای بز پورٹل پر رجسٹریشن یقینی بنائی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر، پلاٹس کی غیر قانونی فروخت اور شہریوں کو گمراہ کرنے والے اقدامات کی مؤثر روک تھام کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ ایس او پیز اور قانونی تقاضے پورے کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز ہی پلاٹس کی فروخت کی مجاز ہوں گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

Back to top button