*پی آر اے کا 14 سیکٹرز میں ای آئی ایم ایس انسٹالیشن اور نئے کاروباروں کی رجسٹریشن مہم تیز کرنے کا فیصلہ*

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے نئے کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اور الیکٹرانک انوائسنگ مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب کی مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 14 مختلف سیکٹرز میں ای آئی ایم ایس کی تنصیب کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے متعلقہ افسران کو اہداف تفویض کر دیے گئے ہیں۔اس حوالے سے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت لاہور اور راولپنڈی کمشنریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاروباری اداروں کی رجسٹریشن میں اضافے، ای آئی ایم ایس کی تنصیب، ٹیکس کیسز کی پیش رفت اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام کمشنریٹس کو ہدایت کی گئی کہ نئی سروسز کی نشاندہی کرکے انہیں ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اور ای آئی ایم ایس کی تنصیب کے اہداف کے حصول کے لیے خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے ہدایت کی کہ زیر التواء ٹیکس کیسز کی مؤثر نگرانی اور بروقت ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔ چیمبرز آف کامرس اور متعلقہ تجارتی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے کاروباری اداروں کو ای آئی ایم ایس سے منسلک کرنے کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔ معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ ای آئی ایم ایس کی تنصیب کے باوجود کاروباری ریکارڈ میں خردبرد کرنے والے اداروں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ جعلی رسیدیں جاری کرنے والے بزنس آپریٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ قواعد کے مطابق ٹیکس سرچارج بھی عائد کیا جائے گا۔چیئرمین پی آر اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن، ڈیجیٹل انوائسنگ اور ٹیکس کمپلائنس کے اہداف کے حصول کیلئے فیلڈ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کے عمل کو مؤثر بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button