*چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات*

چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ہوٹل انڈسٹری کو درپیش ٹیکس سے متعلقہ امور، کاروباری مسائل اور ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت کے شعبے کے فروغ، کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ہوٹل انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے کے امور زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا کہ سروسز ٹیکس کی شفاف ادائیگی انتہائی ضروری ہے۔ ٹیکس کی خرد برد، جعلسازی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ریکارڈ میں بے ضابطگیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹرانک انوائسنگ مانیٹرنگ سسٹم کے استعمال میں غفلت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں پر متعلقہ کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ معظم اقبال سپرا نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری سمیت تمام متعلقہ کاروباری شعبوں میں ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیکس نظام کو مؤثر، شفاف اور سہل بنانے کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ مشاورت اور تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد نے کاروباری آپریٹرز کی سو فیصد رجسٹریشن اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور سہل بنانے کے لیے مثبت تجاویز اور باہمی مشاورت ایک خوش آئند اقدام ہے۔ملاقات میں پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ہوٹل انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، باہمی تعاون اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کے لیے مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button