*ایک سال میں 35 ہزار نئے کاروبار، پی آر اے کے ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ*

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبہ بھر میں نئے کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت کرتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران 35 ہزار نئے کاروباروں کی رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت صوبہ بھر میں بزنس رجسٹریشن، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور مقررہ اہداف کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کاروباری سرگرمیوں کو ٹیکس نظام کا حصہ بنانے، رجسٹرڈ کاروباروں کے ٹیکس ریٹرنز میں شفافیت، انوائسز کی مؤثر نگرانی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے ہدایت کی کہ کاروباروں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ٹیکس ریٹرنز میں شفافیت بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس رجسٹریشن کا مقصد صرف رجسٹرڈ کاروباروں کی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس نظام میں شفافیت، دستاویزی معیشت اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کاروباری سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کاروباری لین دین اور ٹیکس ادائیگی کے عمل میں شفافیت کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ کاروباری سرگرمیوں کی ڈیجیٹل نگرانی سے ریکارڈ میں جعلسازی اور بے قاعدگیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ چیئرمین پی آر اے نے واضح کیا کہ ماہانہ 5 لاکھ روپے تک سیلز حجم رکھنے والے کاروباروں کا پی آر اے کے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہونا لازم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹرڈ کاروباروں کے ٹیکس ریٹرنز اور انوائسز کی سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے تمام کمشنرز کو ہدایت کی کہ کاروباری افراد کو ٹیکس قوانین، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کو اپنے قانونی تقاضوں اور ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ کیا جاسکے۔ معظم اقبال سپرا کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکس دہندگان کیلئے آسان، شفاف اور جدید ڈیجیٹل نظام کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کی بہتر نگرانی اور ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا مقصد زیادہ سے زیادہ کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے ساتھ ایک ایسا شفاف اور جدید نظام تشکیل دینا ہے جس میں کاروباری لین دین کا ریکارڈ بہتر انداز میں محفوظ ہو، ٹیکس ریٹرنز کی مؤثر نگرانی ممکن ہو اور ٹیکس دہندگان کو سہولت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع ملے۔ چیئرمین پی آر اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے رجسٹرڈ کاروباروں کی مانیٹرنگ، ریٹرن فائلنگ اور انوائسز کے ریکارڈ کا مؤثر جائزہ لیا جائے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ٹیکس وصولی کے عمل میں شفافیت کو مزید بہتر بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button