پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جعلی رسیدوں،غیر شفاف ریکارڈ اور ٹیکس وصولی میں بے قاعدگیوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جعلی رسیدوں، غیر شفاف ریکارڈ اور ٹیکس وصولی میں بے قاعدگیوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق متعدد ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز کی جانب سے صارفین سے ٹیکس وصول کیے جانے کے باوجود متعلقہ ٹیکس ریکارڈ میں اس کا اندراج موجود نہیں تھا۔ مختلف مقامات پر صارفین کے بلوں میں ٹیکس شامل پایا گیا، تاہم کاروباری ریکارڈ میں ٹیکس سے متعلق بے قاعدگیاں سامنے آنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ جعلسازی اور غیر شفاف طریقہ کار اختیار کرنے پر متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ الیکٹرانک انوائس مینجمنٹ سسٹم کے عدم استعمال پر بھی متعلقہ کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ عوامی شکایات اور ویجیلنس رپورٹس کی بنیاد پر لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان میں متعدد ریسٹورنٹس اور فوڈ بزنسز کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز کو ہدایت کی ہے کہ صارفین کو درست اور قانونی ٹیکس رسید جاری کی جائے اور کاروباری و ٹیکس ریکارڈ مکمل، درست اور شفاف رکھا جائے۔ ترجمان کے مطابق ماہانہ پانچ لاکھ روپے تک سیلز ریکارڈ رکھنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز بھی متعلقہ قوانین کے تحت الیکٹرانک رسید جاری کرنے کے پابند ہیں۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا کہ صارفین سے وصول کیے گئے ٹیکس میں کسی بھی قسم کی خردبرد، جعلی رسیدوں کے اجرا یا ٹیکس ریکارڈ میں بے قاعدگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

Back to top button