*پنجاب ریونیو اتھارٹی کی پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ ٹیکس وصولی، 87 ارب روپے جمع*

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے 87 ارب روپے کے محصولات جمع کر لیے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 66.3 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے گئے تھے، جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں وصولی 87 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو تقریباً 31 فیصد اضافہ ہے۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت سالانہ اہداف کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے لیے مقررہ اہداف، ٹیکس ریٹرنز، محصولات وصولی اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکس نیٹ میں توسیع اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ای آئی ایم ایس کے مؤثر نفاذ اور ٹیکس کمپلائنس بہتر بنانے کے اقدامات سے بھی محصولات وصولی میں بہتری آئی ہے۔معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ ٹیکس ادائیگی میں خردبرد، جعلی رسیدوں اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ ٹیکس نظام میں شفافیت، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مؤثر انفورسمنٹ کے ذریعے محصولات وصولی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی میں مزید بہتری کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ادائیگی میں جعلسازی کرنے والے اداروں کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین یقینی بنائی جائے۔ چیئرمین پی آر اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے اور ٹیکس کمپلائنس میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

جواب دیں

Back to top button