بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن کی مستقل بنیادوں پر بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لئے کامیاب مذاکرات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا کی ایکشن کمیٹی کی تفصیلی میٹنگ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ عبدالہادی سے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں ہوئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری عبدالہادی نے لوکل گورنمنٹ گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا کی جانب سے بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کو درپیش مشکلات کو حقیقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی کمزور مالی پوزیشن کی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے محکمہ بلدیات سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی کی سربراہی میں کوشاں ہے جس کے لئے ھم انشاء اللہ بہت جلد کامیابی حاصل کر کے اس مسئلہ سے نبرد آزما ہو کر تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کی مشکلات اور تکالیف کو ھم اپنی تکلیف سمجھتے ہیں بلدیاتی ملازمین کے بچے ھمارے بچے ہیں۔قبل ازیں لوکل گورنمنٹ گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا کی ایکشن کمیٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شوکت کیانی نے بلدیاتی اداروں کی کمزور مالی پوزیشن پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے وقتاً فوقتاً بلدیاتی اداروں کے ذرائع آمدن کو ختم کرکے اداروں کو مالی مشکلات سے دو چار کردیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کے بچے گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی سے فاکوں کے شکار ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں یے۔ اس موقع پر انہوں نے منتقلی جائداد ٹیکس کی شرح دو فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کرنے کو بھی اداروں کی کمزوری کا اھم فیکٹر قرار دیا اور کہا کہ یہ ٹیکس تین سال تک ختم رہا جس کی بدلے میں تاحال TMAs کے 03 ارب 81 کروڑ کی رقم محکمہ خزانہ کے زمہ واجب الادا ہیں۔شوکت کیانی، سید وقار شاہ، سوار خان، حاجی انور کمال خان مروت اور خواجہ آفتاب الہی نے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالہادی پر زور دیا کہ محکمہ بلدیات کی طرف سے ایک خط وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ارسال کیا جائے جس میں بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن کے مستقل بنیادوں پر بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بلانے کی استدعا کی جائے جس میں وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی، سیکریٹری خزانہ ، سیکریٹری قانون اور دیگر متعلقہ حکام شامل ہوں تاکہ بلدیاتی اداروں کی مالی حالت بہتر ہو کر ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کا مستقبل بنیادوں پر حل ہو سکے۔ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالہادی نے کہا کہ انشاء اللہ وہ سیکریٹری بلدیات کی مشاورت سے بہت جلد اس مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کی معاونت سیکشن آفیسر بجٹ محکمہ بلدیات وزیر محمد، سینئر اکاؤنٹ آفیسر LCB جنت گل خان اور اطہر ندیم نے کی جب لوکل گورنمنٹ گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا کی ایکشن کمیٹی کے دیگر ممبران شوکت کیانی اور وقار علی شاہ کی معاونت کے لیے موجود تھے۔اخر میں دونوں جانب سے خوش گوار ماحول میں میٹنگ کے انعقاد پر ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا۔






