وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات،کچرے سے توانائی اور منچھر جھیل کی صفائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پیوئریئر (Jean-Noël Poirier) نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ معاشی تعاون، کاروباری روابط کو مستحکم کرنے اور ماحولیاتی منصوبوں میں فرانسیسی سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں فرانسیسی سفیر کے ہمراہ پولیٹیکل، اکنامک اور کلچرل کونسلرز جبکہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فرانسیسی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر سندھ حکومت اور فرانسیسی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع پر مشترکہ اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اہم ترقیاتی و ماحولیاتی منصوبوں پر درج ذیل نکات زیرِ غور آئے: کچرے سے توانائی کا حصول سے متعلق وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کراچی میں روزانہ پیدا ہونے والے 15 ہزار ٹن کچرے سے بجلی اور توانائی پیدا کرنے کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے اور سندھ حکومت اس شعبے میں فرانسیسی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرے گی۔ گندے پانی کی صفائی سے متعلق سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں اس وقت روزانہ 35 ملین گیلن گندے پانی کو ٹریٹ کیا جا رہا ہے جس کی صلاحیت کو 200 ملین گیلن یومیہ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے تاکہ اس پانی کو صاف کر کے صنعتی استعمال کے قابل بنایا جا سکے۔ منچھر جھیل کی بحالی سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت منچھر جھیل کی آلودگی کے خاتمے اور اس کی بحالی کے لیے اقدامات کرنا چاہتی ہے، جس کے لیے بین الاقوامی شراکت دار کی تلاش ہے اور اس ضمن میں فرانسیسی ٹیکنالوجی اور کمپنیوں کے تعاون سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پیوئریئر نے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ فرانسیسی کمپنیاں سندھ کے مختلف ترقیاتی و ماحولیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

جواب دیں

Back to top button