صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک رہے گا، صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ آئین پاکستان میں نئے صوبے کے قیام کا طریقہ کار واضح ہے، جس کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔ ریفرنڈم کے معاملے پر گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ آئین کی متعلقہ شق میں ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ اگر ریفرنڈم کی بات کو عملی شکل دی گئی تو ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد میں لائبریری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ترقی اور خوشحالی ہے اور اسی وژن کے تحت سندھ بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ حیدرآباد کے لیے اربوں روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے تاکہ کراچی اور حیدرآباد میں بنیادی سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے۔ سرمست ہاؤسنگ اسکیم کے رکے ہوئے کام بحال کر دیے گئے ہیں جبکہ گرلز میڈیکل یونیورسٹی پر بھی کام جاری ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قاسم آباد میں تجاوزات ختم کرکے لائبریری کے قیام کا کام شروع کیا گیا ہے۔ ماضی میں اس لائبریری کے باہر نوجوانوں کی بڑی تعداد قطاروں میں کھڑی ہوتی تھی، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی اور مطالعاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ادارے قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے، لیکن اگر ایسا ہوتا تو عوام ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے؟ تمام تر مشکلات اور سیاسی محاذ آرائی کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کا اعتماد حاصل کرتی رہی ہے۔ شرجیل انعام میمن کو جیل میں ہونے کے باوجود عوام نے ووٹ دیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوششوں اور مختلف سیاسی تبصروں کو حقیقت کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ ہم وزیراعظم کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم وزیراعظم کی جانب سے اب تک صوبوں کے حوالے سے بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء، کاروباری شخصیات اور بعض دانشوروں کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق ایک فارمولا پیش کیا گیا ہے، جو ایک غیر ضروری بحث کو جنم دے رہا ہے۔ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو آئین میں اس کا طریقہ واضح طور پر موجود ہے اور اس کے لیے اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی مختلف ادوار میں متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے اور سندھ کے عوام بھی اس معاملے پر اپنا واضح مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں اور سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Read Next
25 منٹس ago
*حیدرآباد میں جدید پانچ منزلہ لائبریری کا افتتاح، نوجوان نسل کے لیے علمی و تعلیمی سہولیات کی جانب اہم پیش رفت*
45 منٹس ago
سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز کی جانب سے صوبے کی تقسیم کی تجویز کی سخت مخالفت
2 دن ago
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کراچی کے ایک ضلع میں ووہان طرز کا آزمائشی شہری نظام شروع کرنے کی تجویز
3 دن ago
کورنگی میں پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم کے لئے جدید طریقہ کار وضع کیا جائے گا،وزیر بلدیات سندھ
4 دن ago
*چائنا تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے کنٹری ہیڈ مسٹر وانگ کی قیادت میں وفد کی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات*
Related Articles
محض ریفرنڈم کی بات کرنے سے کوئی نیا صوبہ قائم نہیں ہوسکتااس کے لئے آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے،وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ
4 دن ago
سی ایم بلوچستان ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلباء کے وفد کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات
5 دن ago




