پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے ارکانِ قانون ساز اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی کی تنظیمی حکمتِ عملی، پارلیمانی کردار اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا.اجلاس میں قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین، سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، ممبر کشمیر کونسل چوہدری لطیف اکبر، سینئر رہنماوں سردار محمد یعقوب خان ، چوہدری پرویز اشرف ، سردار جاوید ایوب اور جاوید اقبال بڈھانوی سمیت دیگر ارکین قانون ساز اسمبلی میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید ، سردار ضیاء القمر ، چوہدری یاسر سلطان، عبدالماجد خان ، دیوان علی چغتائی ، ملک ظفر اقبال سردار مختار احمد عباسی ، فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید شریک ہوئے ۔ مرکزی رہنماؤں سردار امجد یوسف، سردار عابد حسین عابد ، سردار فہیم ربانی ، سردار سعود صادق اور سردار احمد صغیر نے بھی شرکت کی۔ مختلف انتخابی حلقوں سے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز چوہدری محمد اخلاق ، محمد ولید انقلابی ، چوہدری صہیب ارشد ، شاہین کوثر ڈار اور عامر ذیشان جرال بھی اجلاس میں موجود تھے.اجلاس میں باہمی مشاورت سے متعدد اہم سیاسی اور تنظیمی فیصلے کیے گئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی مبینہ دھونس ، دھاندلی اور حکومتی طرزِ عمل کے خلاف بھرپور سیاسی اور پارلیمانی اپوزیشن کی جائے گی۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پارٹی کے تمام ارکانِ اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز اور رہنما اپنے اپنے انتخابی حلقوں اور علاقوں میں باہمی اتحاد ، رابطوں اور مشاورت کے ذریعے پارٹی کو مزید مضبوط اور منظم بنانے کے لیے بھرپور کردار اداء کریں گے ۔اجلاس میں رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری قاسم مجید کو پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ۔ وہ پارلیمانی پارٹی ، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز ، عہدیداران سے باھمی رابطہ میں رھیں گے۔اجلاس میں حلقہ انتخاب نکیال میں حالیہ عام انتخاب میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے دیرینہ اور سرگرم کارکن مختار یونس شہید کے قتل کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) سے وابستہ مسلح افراد کے ہاتھوں مختار یونس کے قتل کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے ملزمان کی پشت پناہی کی جا رہی ہے اور گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے ۔اس صورتحال پر اجلاس شرکاء اجلاس نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ مختار یونس کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مقتول کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس سنگین واقعے میں کسی قسم کی غفلت اور سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے ذریعے معاملات کو یکسو کرنے اور خطہ میں فوری امن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ آزادکشمیر بالخصوص پونچھ کے عوام کے فوری مسائل کے حل اور رسل ورسائل سمیت معاشی ، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں کو موثر بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ حالیہ دھاندلی زدہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر اور مسلم لیگ ن کی جانب سے کی جانے والی پری پول ، دوران پول اور آفٹر پول دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کے کو چارج شیٹ کیا جائے اور وائیٹ پیپر تیار کیا جائے گا ۔ اس مقصد کیلیے سردار امجد یوسف اور چوہدری قاسم مجید کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی پارٹی ہے جس کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو قومی سیاست کا اہم محور بنایا اور عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حق میں مؤثر آواز بلند کی اور ان کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی۔انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔اجلاس کے شرکاء نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور اور خاتونِ اول محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے لیے تمام رہنما اور کارکن متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔





