وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ عوام کی دسترس میں رہنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کویقینی بنانا ہے۔ مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہنرمندی کے فروغ کا شعبہ فوری نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پنجاب میں اس حوالے سے ایک جامع ماڈل موجود ہے جس سے آزاد کشمیر بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پانچ لاکھ افراد کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کی گئی، جن میں سے بڑی تعداد کو بیرون ملک روزگار کے مواقع ملے۔ حکومت پنجاب نے ان افراد کی مالی معاونت، سفری اخراجات اور ویزا پراسیسنگ میں بھی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بین الاقوامی جاب مارکیٹ کی ضروریات کا جائزہ لے کر اسی کے مطابق ہنرمندی کے پروگرام مرتب کیے۔ ان پروگراموں کے ذریعے کسی بھی شہری کو چھ ماہ میں ایسی مہارت سکھائی جا سکتی ہے جس کی مدد سے وہ اپنے علاقے میں رہتے ہوئے یا بیرون ملک جا کر باعزت روزگار حاصل کر سکے اور خود کفیل بن سکے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) پنجاب حکومت کی انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں پنجاب میں اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی۔ پی آئی ٹی بی کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی، مستفید ہونے والے افراد کے کوائف، پیش رفت اور عملدرآمد کو لمحہ بہ لمحہ ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹر کیا جاتا ہے، جس سے انتظامی امور آسان اور منصوبوں کی نگرانی مؤثر ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان اور پولیس اصلاحات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہسپتال، کلینک آن ویلز یا گرین بس سروس شروع کرنا کافی نہیں، بلکہ ان تمام منصوبوں کی 24 گھنٹے نگرانی اور مؤثر انتظام بھی ضروری ہے تاکہ عوام کو حقیقی سہولت مل سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ عوام کی دسترس میں رہنا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا بھی ہے۔ آزاد کشمیر میں ایسا مؤثر نظام ہونا چاہیے جہاں عوام وزیراعظم تک اپنی شکایات اور مسائل پہنچا سکیں اور انہیں 24 گھنٹے کے اندر جواب ملے۔ چاہے معاملہ پولیس سے مدد کا ہو، راشن کی فراہمی، غربت کے باعث مالی معاونت، صحت یا کسی دوسرے مسئلے کا، شہریوں کو فوری رسائی اور ردعمل ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا، انہیں حکومتی اقدامات اور مستقبل کے وژن سے آگاہ کرنا اور ان کے مسائل سننا ضروری ہے۔ وزیراعظم کو عوام کے لیے قابلِ رسائی اور نمایاں طور پر موجود رہنا چاہیے، جبکہ وزراء کو واضح اہداف اور مدت مقرر کر کے ذمہ داریاں دی جائیں اور ان کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔ مریم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت مختصر مدت میں عوام کو وہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوگی جن سے وہ شاید کئی دہائیوں سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو یہ احساس ہوگا کہ حکومت ان کی ضروریات کا خیال رکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود ہے تو عوام کے اندر ایک مثبت تبدیلی اور اعتماد پیدا ہوگا۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کی کامیابی اور عوام کی مخلصانہ خدمت کی توفیق کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت کو عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں پنجاب کے تجربات اور وسائل سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
Read Next
4 گھنٹے ago
پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں،عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا،وزیر اعظم افتخار گیلانی
2 دن ago
ضلع باغ کی خالی چیئرمین ضلع کونسل کی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری
6 دن ago
آزادکشمیر کے سابق وزیر عاصم شریف بٹ کا سٹیٹ سبجیکٹ منسوخ
3 ہفتے ago
آزاد کشمیر،سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) محمد محمود سمیت گریڈ 21 کے دو افسران عہدوں سے فارغ،ایک کی معطلی
3 ہفتے ago






