چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو جدید، آرام دہ، محفوظ اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر آئیں گی جبکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے، سفری اوقات میں کمی اور شہری نقل و حرکت کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے تمام مراحل میں شفافیت، تعمیراتی معیار اور مقررہ اہداف کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر دفتر گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی،پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) زاہد سعید نے منصوبے کے مختلف تکنیکی، انتظامی اور تعمیراتی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے لائحہ عمل اور تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔
اجلاس میں ماس ٹرانزٹ کوریڈور کے مجوزہ روٹ، شہری آبادی کی ضروریات، ٹریفک کی روانی، مختلف مقامات پر انفراسٹرکچر کی بہتری، انڈرپاسز، ٹنل، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر منصوبے کے مختلف حصوں کے باہمی ربط، تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کے متبادل انتظامات اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زماں نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور مسلسل مانیٹرنگ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مکمل پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں اور منصوبے سے متعلق درپیش انتظامی یا تکنیکی مسائل کو بروقت حل کیا جائے تاکہ کام کی رفتار متاثر نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور گوجرانوالہ کے مستقبل کی شہری ترقی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سفری سہولیات میں بہتری کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے جدید ذرائع میسر آئیں گے اور شہر کو ایک منظم، مربوط اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کی طرف گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران ماحولیات، شہری سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی مفاد کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔ متعلقہ افسران منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کو جدید شہری تقاضوں اور عوامی ضروریات کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا تاکہ گوجرانوالہ کے شہریوں کو بہتر، محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






