صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت نویں ایمرجنسی کونسل کا اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں نویں ایمرجنسی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ، اراکین پنجاب اسمبلی رانا احمد شہریار اور مس سنمبل ملک سمیت مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، اسپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ زینب خان، آئی جی آفس سے فاروق امجد، ڈائریکٹر لاء اینڈ پارلیمانی افیئرز شاہد علی امتیاز، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ خزانہ کیپٹن (ر) اریب، ڈائریکٹر پی ٹی اے سلمان مجید، طارق علی بشیر (محکمہ ٹی ایس ایم ٹی ڈی)، ڈاکٹر شازیہ پرویز (EPA) اور عمران حبیب (محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ) بھی شریک ہوئے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شرکاء کو محکمے کی کارکردگی اور پنجاب میں ایمرجنسی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 روزانہ اوسطاً 7,365 ایمرجنسیز پر رسپانڈ کرتی ہے اور اب تک دو کروڑ سے زائد ایمرجنسیز میں عالمی ادارۂ صحت کے معیار کے مطابق خدمات فراہم کر چکی ہے۔ موٹر بائیک ریسکیو سروس 53 لاکھ جبکہ فائر سروس تین لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پر رسپانڈ کر چکی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں پاکستان بھر سے 27 ہزار سے زائد ایمرجنسی پروفیشنلز تربیت حاصل کر چکے ہیں۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ایمرجنسی سروس کی استعدادِ کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں کمرشل مقامات پر 1,046 اور ہسپتالوں میں 691 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب خوش آئند ہے، جبکہ موٹروے ایمبولینس سروس کے ذریعے 61 ہزار سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس سروس 352 شدید علیل مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت کے لیے منتقل کر چکی ہے۔ انہوں نے موٹر سائیکل حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی رفتار پر قابو پانے اور معیاری ہیلمٹ کے استعمال کے لیے باہمی مشاورت سے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button