وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اے جے کے ون پورٹل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ اے جے کے ون (AJK One) پورٹل کے ذریعے شہریوں کو تمام حکومتی سروسز آن لائن فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے شہری حکومتی سروسز سے آن لائن استفادہ، حکومتی محکمہ جات کی خدمات اور ان سے متعلق شکایات کے اندراج سمیت سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکیں گے اور تعلیمی اداروں سے متعلق ضروری معلومات بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ حکومت شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کو مؤثر بنانے اور سرکاری خدمات تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے اے جے کے ون پورٹل کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزراء حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور اور ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، چیف سیکرٹری خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری مالیات حسن مسعود، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی راشد حنیف، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کاشف فاروق، خرم مشتاق سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کو اے جے کے ون پورٹل میں مجوزہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پورٹل کو شہریوں کی ضروریات کے مطابق مؤثر بنایا جائے اور اس پر حکومتی خدمات، مختلف محکمہ جات سے متعلق معلومات، شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے، سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں سے متعلق معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اے جے کے ون پورٹل کے ذریعے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانے، معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنے اور حکومت و عوام کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنی چاہیے۔ پورٹل پر تمام متعلقہ معلومات اور خدمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

جواب دیں

Back to top button