میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کیماڑی میں سائٹ کیماڑی اربن فاریسٹ کا افتتاح کردیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور الخیر ٹرسٹ کے اشتراک سے شجرکاری مہم کے تحت 25 ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں محکمہ جنگلات، سائٹ انڈسٹریل ایسوسی ایشن، ضلعی انتظامیہ اور رضاکار بھی تعاون کر رہے ہیں، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ درخت ہماری زندگی اور ماحول کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، اگر ہم صاف ہوا میں سانس لینا چاہتے ہیں اور ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم کرنا چاہتے ہیں تو شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا، درخت اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہیں، جو ہمیں سایہ، پھول اور پھل فراہم کرنے کے ساتھ ماحول کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ سائٹ کیماڑی اربن فاریسٹ کراچی کو سرسبز اور صحت مند بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی، الخیر ٹرسٹ، محکمہ جنگلات، سائٹ انڈسٹریل ایسوسی ایشن، ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شجرکاری کے ساتھ درختوں کی حفاظت بھی ضروری ہے تاکہ انہیں کاٹنے یا نقصان پہنچانے سے بچایا جاسکے اور آنے والی نسلیں بھی ان سے مستفید ہوسکیں،
میئر کراچی نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہوگا، بلدیاتی اداروں، نجی شعبے، فلاحی اداروں اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے شہر کو سرسبز بنایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز میں بھی ایسے اربن فاریسٹ قائم کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے لیے مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے ایسے درختوں کا انتخاب کیا جانا چاہیے جو انسانوں، پرندوں اور مجموعی ماحول کے لیے مفید ہوں، صرف خوبصورتی کے لیے پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ایسے درخت لگانا ضروری ہے جو طویل عرصے تک ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرسکیں،انہوں نے کہا کہ درختوں کی تعداد میں اضافہ کرکے فضائی آلودگی کم کرنے، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے اور شہریوں کو صاف فضا فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، شجرکاری کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ پودوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، میئر کراچی نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ ماحول دوست اقدامات اور شجرکاری مہم کو اجاگر کرے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات اس اہم مقصد کے لیے متحد ہوں، انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں اور کراچی ایک سرسبز، صحت مند اور بہتر ماحول والا شہر بن سکے،انہوں نے شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے تمام اداروں، رضاکاروں اور افراد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کو اجر عطا فرمائے،اس موقع پر میئر کراچی کو تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی پیش کی گئی۔





