میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ میں پنک اکتوبر کے سلسلے میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت کو نمایاں کرنا اور خواتین کو اپنی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا، سیمینار کی صدارت میئر کراچی کی مشیر اور سٹی کونسل رکن مسرت نیازی نے کی جبکہ ورکنگ ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایم سی کی جنرل سیکریٹری ندا رضوی نے سیمینار میں بطور پارٹنر اہم کردار ادا کیا، تقریب کی مہمانانِ خصوصی تنویر عشرت، بانی سیرتِ مستقیم اور ہانیہ کاشف ایڈووکیٹ، صدر شمعِ فروزاں و ممتاز سماجی کارکن تھیں، جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی،اس موقع پر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے ایم سی سارہ عارف، ڈائریکٹر کونسل کے ایم سی شازیہ اختر بھی موجود تھیں، اپنے خطاب میں سٹی کونسل رکن مسرت نیازی نے خواتین کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے آئندہ پروگرام کا اعلان بھی کیا، انہوں نے بتایا کہ بہت جلد سٹی کونسل کی تمام خواتین اراکین اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی خواتین ملازمین کی بریسٹ کینسر اسکریننگ کروانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے
تاکہ خواتین کو بروقت طبی معائنے کی سہولت میسر آسکے اور بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص کے امکانات کو بہتر بنایا جاسکے،مسرت نیازی نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور خواتین کو بروقت اسکریننگ کی اہمیت سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ ایک اہم معاشرتی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں آگاہی، احتیاط اور بروقت طبی معائنہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، سیمینار میں ورکنگ ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن، کے ایم سی کی جنرل سیکریٹری ندا رضوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں خواتین ملازمین کی ضروریات اور فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا، انہوں نے بالخصوص خواتین ملازمین کے لیے عبادت کی غرض سے علیحدہ اور مناسب جگہ کی فراہمی سمیت دیگر ضروری سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے کیے جانے والے کاموں کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ خواتین ملازمین کے لیے باوقار، محفوظ اور سہولت بخش دفتری ماحول کی فراہمی ادارہ جاتی فلاح و بہبود کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کیا جانا چاہیے، تنویر عشرت اور ہانیہ کاشف ایڈووکیٹ نے بھی بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، بیماری کی ابتدائی علامات پر توجہ دینے، بروقت طبی مشورہ حاصل کرنے اور خواتین تک مستند معلومات پہنچانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے ایسی آگاہی سرگرمیوں کو فروغ دیا جانا چاہیے تاکہ خواتین اپنی صحت کے بارے میں باخبر رہیں اور ضرورت پڑنے پر بروقت طبی سہولیات سے استفادہ کرسکیں، تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ محمد شاہد نے شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور سیمینار میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، تقریب کی نظامت کے فرائض سمبل فاطمہ اور عرفان علی نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے، سیمینار کے اختتام پر معزز مہمانانِ خصوصی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ شرکاء میں اسنادِ تحسین تقسیم کی گئیں، اس موقع پر خواتین کی صحت کے تحفظ، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور خواتین ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، خواتین کونسل اراکین اور کے ایم سی کی خواتین ملازمین کی مجوزہ اسکریننگ کا اعلان، نیز دفتری ماحول میں خواتین کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کے حوالے سے گفتگو، اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ صحت، وقار اور سہولتوں کی فراہمی خواتین کی فلاح و بہبود کے اہم پہلو ہیں۔





