میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیرِ ثقافت سندھ سید ذوالفقار شاہ کے ہمراہ زیرِتعمیر چوکنڈی میوزیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان نے میئر کراچی اور وزیر ثقافت سندھ کو منصوبے پر ہونے والی پیشرفت، جاری کاموں اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی تاریخ شاندار ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے، جسے محفوظ بنانے اور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، شہر کی تاریخی شناخت کو برقرار رکھنا اور اس کے ثقافتی مقامات کو بہتر بنانا ہماری اہم ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ
بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ ثقافت سندھ کے اشتراک سے چوکنڈی میوزیم میں مزید سہولیات کا اضافہ کرے گی تاکہ اس تاریخی مقام کو مزید بہتر اور دیدہ زیب بنایا جاسکے، ہمارا کام صرف شہر کے انفراسٹرکچر کو بحال کرنا نہیں بلکہ کراچی کو اس کی اصل شناخت اور تاریخی عظمت واپس دلانا بھی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ اپنے تاریخی ورثے کا تحفظ صرف ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لیے باعثِ فخر بھی ہے، چوکنڈی میوزیم جیسے تاریخی مقامات ہماری تہذیب، ثقافت اور ماضی کی عکاسی کرتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت اور بہتری کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، انہوں نے کہا کہ چوکنڈی میوزیم کو شاندار بنانے کے ساتھ یہاں تک آنے والے راستوں، سیکورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو اس تاریخی مقام تک رسائی میں آسانی ہو اور وہ بہتر ماحول میں اس کے ثقافتی ورثے کا مشاہدہ کرسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ چوکنڈی میوزیم میں سیاحوں کی آمد بڑھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، اس مقصد کے لیے میوزیم کو زیادہ پُرکشش بنانے اور زائرین کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی تاکہ کراچی کے تاریخی ورثے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جاسکے،دورے کے دوران ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، محکمہ ثقافت سندھ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔






